عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں توسیع

Nov 22, 2022 | 14:08 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کردی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں  سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر شراب لائسنسز کے اجراء کیلئےاختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس کی سماعت ہوئی اس دوران سابق وزیراعلیٰ عدالت میں پیش ہوئے،دورانِ سماعت جج نے استفسار کیا کہ کیا نیب کو عثمان بزدار کی حراست درکار ہے؟ اس پر پراسیکیوٹر نیب نے جواب دیا کہ ہمارے پاس ان کی گرفتاری کے وارنٹ نہیں۔

عثمان بزدار کے وکیل نے کہا ہمیں بحث کے لیے تاریخ دے دیں اس پر نیب پراسیکیوٹر بولے جب وارنٹ ہی نہیں ہیں تو تاریخ کی کیا ضرورت ہے؟ 

بعد ازاں عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی جس کے بعد سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب احتساب عدالت سے روانہ ہو گئے۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف لاہور کی احتساب عدالت کے باہر آج پیشی کے موقع پر احتجاج کیا گیا ہے۔عثمان بزدار کے لاہور کی احتساب عدالت پہنچنے پر پوسٹرز اٹھائے بعض مظاہرین ان کی گاڑی کے قریب آ گئے۔مظاہرین نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بُزدار کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

دوسری جانب عدالت کےباہر میڈیا سے گفتگو میں عثمان  بزدار سے صحافی نے سوال کیا کہ جب آپ کےوارنٹ گرفتاری ہی نہیں تو تاریخ لینے کی کیاضرورت تھی؟ اس پر سابق وزیراعلیٰ نےجواب دیا کہ جب معاملہ عدالت میں ہو تو میرا خیال ہے کہ بات نہیں کرنی چاہیے۔

مزیدخبریں