ایک نیوز:پی ٹی آئی کےمرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پرحملےکامقدمہ درج ہوگیا، مقدمہ تھانہ آبپارہ میں رؤف حسن کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔مقدمے میں چار نامعلوم خواجہ سراؤں کو نامزد کیا گیا۔
نامعلوم افرادکے حملے میں ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن زخمی ہوگئے، روف حسن نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ترجمان ہوں اور مختلف چینلز میں اپنی جماعت کی نمائندگی کرتا ہوں، نجی چینل سے پروگرام ریکارڈنگ کے بعد پارکنگ کی طرف جارہا تھا ،ایک شخص جو بظاہر خواجہ سرا معلوم ہوتا ہے ۔اس نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت روک کر حملہ کیا۔
مقدمہ میں پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے بتایا کہ اس کے دیگر تین ساتھی بھی آگئے جنہوں نے مجھ پر تیز دھار آلے سے حملہ کردیا، ملزمان میری گردن پر حملہ کررہے تھے کہ اس دوران چہرے پر شہ رگ کے قریب تیز دھار آلہ لگ گیا، ملزمان مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاِں بھی دے رہے تھے، ملزمان نے دو دن پہلے ایک نجی چینل کے آفس میں بھی مجھے روک کر حملہ کیا تھا۔
متن مقدمہ میں کہا گیا کہ کسی سے ذاتی دشمنی نہیں پی ٹی آئی کا ترجمان ہوں قانونی کارروائی کی جائے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے ٹیمز تشکیل دے دی گئی ہیں۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف جگہوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔