ایک نیوز:گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیسٹرو اور ڈائریا کے کیسز کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر درجنوں کی تعداد میں مریض رپورٹ ہونے لگے ۔
تفصیلات کےمطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج آگ برسانے لگا جس کے باعث شہرکو ہیٹ ویو نے لپیٹ میں لے لیا ۔درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرتا جارہا ہے۔ لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بیماریاں بھی بڑھ گئی سرکاری ہسپتالوں میں گیسٹرو اور ڈائریا کے مریض بڑھنے لگے۔
جناح ہسپتال ایمرجنسی کے سینئر ڈاکٹر محمد طاہر نے کہا کہ گیسٹرو اور ڈائریا کے مریض بہت زیادہ آرہے ہیں۔ اس مرض میں مبتلا ہونے کی سب سے بڑی وجہ باہر سے ناقص کھانا پینا ہے۔ ہیٹ ویو سے بچنے کیلئے سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور پانی اچھی مقدار میں استعمال کریں ۔
شدید گرم موسم میں نمکین غذاؤں اور چھتری کا استعمال، سر کو ڈھکنا، ہلکے رنگ کے کپڑے پہننا اور نہانا بھی بہت فائدہ مند ہے۔اگر گرمی کی لہر کے دوران آپ کو چکر آنے، کمزوری، بے چینی یا شدید پیاس اور سر درد محسوس ہو تو ایسے میں جلد از جلد کسی ٹھنڈی جگہ پر جا کر ٹھہر جانا چاہیے۔