ژوب:ایک ماہ میں سیکیورٹی فورسزکےآپریشنز،29دہشتگردجہنم واصل

May 22, 2024 | 12:43 PM

ایک نیوز: افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ، سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن 29 دہشت گرد مارے گئے، عبوری افغان حکومت سے اپنی سرحد کی جانب موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کیلئے رابطہ کیاگیا۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے دوران افغانستان سے دہشت گرد پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرتے ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ بے گناہ معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، اس صورتحال میں سیکیورٹی فورسز نے پاک اور افغان سرحد کے ساتھ دیگر علاقوں بالخصوص بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں 21 اپریل سے آپریشن شروع کیا ۔

 ترجمان پاک فوج کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران موثر کارروائیوں کے نتیجے میں، 29 دہشت گرد مارے گئے، 14 مئی کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران میجر بابر خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے، سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
 ترجمان کے مطابق پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے اپنی سرحد کی جانب موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے کے لئے کہہ رہا ہے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔

مزیدخبریں