ایک نیوز:وزیراعظم شہبازشریف صدرابراہیم رئیسی کی آخری رسومات میں شرکت کےلئےایران پہنچ گئے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی اور ایرانی وزیر خارجہ جناب حسین امیر عبداللہیان اور اُن کے دیگر رفقاء کی المناک حادثے میں شہادت کی خبر سے شدید صدمہ ہوا ہے۔ ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی برادر ملک میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مرحوم ایرانی صدر پاکستان کے عظیم دوست تھے۔ ان کے گزشتہ ماہ دورہ ء پاکستان کے دوران پاکستانی عوام کے ساتھ گزرے لمحات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ۔ وزیراعظم نے ایران کے نگران صدر ڈاکٹر محمد مخبر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پرنائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار،وزیراطلاعات عطااللہ تارڑاوروزیرداخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم شہبازشریف کےہمراہ ہیں۔