ایک نیوز : کراچی میں حلف برداری پر تحریک انصاف کے 4سے زائد منتخب بلدیاتی نمائندوں کوپولیس نے گرفتار کرلیا۔
صدر ٹاؤن کی یوسی 4 سے تحریک انصاف کے نو منتخب وائس چیئرمین عبد الرحمان کو حلف لینے کے بعد گرفتار کر لیا گیا، مجموعی طور پر نو مئی کے واقعات کے الزام میں پی ٹی آئی کے چار کامیاب امیدواروں کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والا وائس چیئرمین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھا۔
رہنما تحریک انصاف ارسلان تاج کا کہنا ہے کہ ابھی تھوڑی دیر پہلے ہمارے چنیسر ٹاؤن یوسی 5 کے منتخب چیئرمین شاہد انصاری اور وائس چیئرمین راو وسیم کو جو حلف لینے گئے تھے باہر سے ہی پولیس گرفتار کر کے لے گئی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاری پر جماعت اسلامی کے نمائندوں کی ریٹرننگ افسر سے تکرار بھی ہوئی۔ نمائندوں کا کہنا تھا کہ آپ کے ہوتے ہوئے یہ گرفتاری ہوئی ہے۔
رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ آج ایک یوسی چیئرمین اور دو وائس چیئرمین کو گرفتار کیا گیا، کورنگی یوسی پانچ کے چیئرمین امجد کو پہلے ہی گرفتار کرکے سکھر جیل میں بھیج دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو گرفتاریوں پر خط لکھیں گے۔
ضلع جنوبی صدر ٹاؤن پی ٹی آئی یوسی چھ وسیم شیرازی کو بھی حلف برداری کے بعد گرفتار کیا گیا جبکہ یوسی 8 کے چیئرمین سلمان خان حلف برداری کی تقریب کے بعد موقع سے فرار ہوئے لیکن پولیس نے تعاقب کرکے سلمان خان کو گرفتار کرلیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین رفیق آفریدی ، علی رضا سمیت دیگر بلدیاتی نمائندے موقع سے فرار ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے پی ٹی آئی کے حلف لینے والے وائس چیئرمین عبدالرحمان کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کراچی کاکہنا ہے کہ صدر ٹاون سے پی ٹی آئی کے مزید دو منتخب بلدیاتی نمائندے گرفتار کئے گئے ہیں۔یوسی 8 سے منتخب چیئرمین محمد سلمان اور یوسی 6 سے چیئرمین وسیم شیرازی گرفتار ہوئے۔دونوں منتخب نمائندوں کو حلف لینے کے بعد پولیس نے گرفتار کیا۔