ایک نیوز :چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر کا کہنا ہے کہ نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 24 کروڑ 95 لاکھ 66 ہزار 743 ہے۔
چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر کاپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پچھلی مردم شماری کے مقابلے میں ملکی آبادی میں تقریبا 4 کروڑ 90 لاکھ کا اضافہ ہوا۔خانہ و مردم شماری کا عمل آج رات ختم ہورہا ہے، ڈیٹا کے حصول کا عمل آج رات 12 بجے روک دیا جائے گا، مختصر مدت میں 24 کروڑ سے زیادہ لوگوں کا شمار کیا گیا۔
ڈاکٹر نعیم الظفر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی کل آبادی 24 کروڑ 95 لاکھ 66 ہزار 743 ہے، پنجاب کی آبادی 12 کروڑ 74 لاکھ 74 ہزار سے زیاد ہے، سندھ کی آبادی 5 کروڑ 79 لاکھ 31 ہزار سے زیادہ ہے، بلوچستان کی آبادی 2 کروڑ 19 لاکھ 77 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ اسلام آباد کی آبادی 23 لاکھ 59 ہزار 422 ہے۔
چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر کا کہنا تھا کہ ہ مردم شماری میں توسیع سے ایک کروڑ 70 لاکھ مزید افراد کو شمار کیا گیا، مردم شماری میں بار بار توسیع سے کراچی اور لاہور سمیت بڑے شہروں کی آبادی میں اضافہ ہوا، مردم شماری میں مزید ایک دن کی بھی توسیع نہیں کر سکتے۔
ڈاکٹر نعیم الظفر کاکہنا تھا کہ مردم شماری پر مجموعی طور پر 34 ارب روپے سے زیادہ لاگت آئے گی۔جون میں نتائج آنے کے بعد مشترکہ مفادات کونسل سے درخواست ہوگی الیکشن کیلئے یہ ڈیٹا استعمال کیا جائے،مردم شماری کے حوالے سے 2 لاکھ سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں، سیاسی جماعتوں سمیت زیادہ تر شکایات کا ازالہ کر دیا گیا۔ ہمارے پاس محدود پیمانے پر شکایات موصول ہوئی ہیں، 30 مئی تک ان شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ عام انتخابات 2017ء کی مردم شماری پر ہی کروائے جائیں گے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج نہ آنے کے باعث فیصلہ کیا گیا، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کی تیاریاں مکمل کرلیں۔