ایک نیوز :سابق وزیراعلیٰ اور تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی اچانک منظر عام پر آگئے انہوں نے اعلان کیا کہ میں اور مونس الہی عمران خان کے ساتھ ہیں ،چودھری وجاہت کے اپنے معاملات ہیں ان کے جانے کاکوئی رنج نہیں ۔
تفصیلات کےمطابق اپنے ویڈیو پیغام میں پرویز الٰہی نے کہا کہ مجھے جب اللہ نے وزیراعلیٰ بنایا اس میں سب سے زیادہ کریڈٹ عمران خان صاحب کا ہے، عمران خان نے مجھے یہ عہدہ دیا تھا جس پر میں نے ان سے وفا کی، عمران خان نے جب یہ عہدہ واپس مانگا تو میں نے واپس بھی دے دیا، ہم اب بھی عمران خان کے ساتھ اسی طرح کھڑے ہیں، انشاء اللہ میں اور مونس الٰہی عمران خان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے، میں بالکل چودھری وجاہت حسین کے خلاف نہیں ہوں۔
پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ وجاہت نے اپنے حالات کے مطابق فیصلہ کیا ہے، ہم عمران خان کے بیانیے کو بھی سپورٹ کرتے ہیں لیکن ہماری یہ خواہش ہے اور اس کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں کہ فوج ہمارا اپنا ادارہ ہے،غلط فہمیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن ہماری کوشش ہے کہ فوج اور اسٹبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں۔ عمران خان نے ہمارے ساتھ وعدے پورے کیے۔ اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ڈٹ کے ان کے ساتھ کھڑے رہیں انشاء اللہ مشکل وقت میں بھی ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں نے اپنے پہلے دور میں بھی اپنی مخالفت کی پروا کیے بغیر کام کیا، ریسکیو 1122 بنایا، دین کے حوالے سے خدمات سرانجام دیں جس میں میرے بچوں مونس الٰہی اورراسخ الٰہی کا بڑا رول رہا، ہمیں یہ پتہ ہونا چاہئے کہ کسی کے ادارے سے ٹکرانا نہیں چاہتے، ہمیں اپنی حدود میں رہ کر آگے بڑھنا ہے،قوم کو ایک صحیح سمت اور روشنی دکھانی ہے تاکہ وطن میں ترقی ہو سکے۔