آرمی چیف کا 25 مئی کو ”یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “ منانےکا اعلان

May 22, 2023 | 17:34 PM

ایک نیوز:آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 25 مئی کو ”یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “ منانےکا اعلان کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں تقریب تقسیم اعزازات کاانعقاد کیاگیاجس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکت کی۔

تقریب میں بڑی تعداد میں پاک فوج کے سینئر افسران اور شہداء کے اہلخانہ نے شرکت کی۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے آپریشنز کے دوران بہادری اور قوم کے لئے شاندار خدمات پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔

51 افسران کو ستارہ امتیاز(ملٹری) ،22 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت اور 2 جوانوں کو اقوامِ متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر کاتقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی سیاسی تعصبات سے بالاتر ہو کر صرف اپنے فرائض کو مقدم رکھتا ہے۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہِ افتخار ہیں۔ مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے، بلاشبہ شہداء کی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کے طفیل ہم ایک آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-05-22/news-1684758943-2985.mp4

 جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ  فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد اور لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے۔ ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے۔

آرمی چیف کاکہنا تھاکہ حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہداء کی حرمتوں پر حملوں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں ۔ 

مزیدخبریں