ایک نیوز:تحریک انصاف کو بڑا نقصان،چودھری وجاہت حسین،فیض اللہ کموکا ن اور سابق صوبائی وزیر پیر سعید الحسن شاہ نےتحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے واقعہ کے بعد تحریک انصاف سے پارٹی رہنماﺅں کی اڑان جاری ہے،ابتک کئی رہنما پارٹی سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے بھائی چودھری وجاہت حسین نے بھی پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کردیاہے۔
چودھری وجاہت نے پرویز الٰہی سے بھی راہیں جدا کرلیں ،چودھری وجاہت جلد مسلم لیگ (ق)میں شمولیت متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری وجاہت پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کرے گے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ق لیگ میں اختلافات پر چودھری پرویز الٰہی ، وجاہت حسین نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی ۔
ادھرسابق صوبائی وزیر پیر سعید الحسن شاہ نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔سابق صوبائی وزیر اوقاف پیر سعید الحسن گیلانی آف ظفروال (مراڑہ شریف) نے بھی تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا۔
دوسری جانب فیض اللہ کموکا نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کااعلان کردیا ہے۔فیض اللہ کموکا نے کہا کہ ابھی میں نے فیصلہ کرنا ہے کہ سیاست کرنی ہے یانہیں۔مجھے اس ملک کی سیاست میں 25 سال کا عرصہ ہو چکا ہے۔میرے حلقے کے عوام جانتے ہیں کہ میں نے ہمشیہ اپنے عوام کے ساتھ محبت کی،میں نے اپنے شہر کی صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی میں خوب رہنمائی کی ،میرا ضمیر مطمئن ہے جتنا عرصہ سیاست کی ایمانداری سے کی،ہمارے لیے یہ مملکت پاکستان اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا تحفہ ہے۔
فیض اللہ کموکا نے مزید کہا کہ ہمیشہ کوشش کی ہے کہ اپنے ملک کے چپہ چپہ کی حفاظت کی جائے،میری 23 سال کی سیاست میں 9 مئی سے پہلے تک کوئی ایف آئی آر نہیں ہے ،میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ میں کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ یا سرکاری املاک کے نقصان میں شامل نہیں،میں نے آج تک کسی سیاسی مخالفین کو بھی برا بھلا نہیں کہا،اپنی ملک کی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتا ،9 مئی کے ہونے والے واقع کے بعد میں نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے،میں آج تحریک انصاف کے عہدے سے استعفیٰ کا ا علان کرتا ہوں،اور ساتھ ہی ساتھ تحریک انصاف کو بھی چھوڑنے کا فیصلہ کرتا ہوں۔