ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی 24 مئی تک تفصیلات طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت کے کیس کی سماعت کی۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکلا تیمور ملک اور فائزہ اسد عدالت میں پیش ہوئے اور کہا ہمیں بتایا جائے کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف کوئی اور مقدمہ تو درج نہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اس وقت اڈیالہ جیل میں نظر بند ہیں، عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کیےجائیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میڈیا سے سنا تھا شاہ محمود قریشی کو رہا کردیا گیا، جس پر وکیل نے بتایا کہ بیان حلفی جمع کروانا تھا جس کی وجہ سے ابھی تک رہائی نہیں ہو سکی۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 24 مئی تک ملتوی کر دی۔