ایک نیوز : سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز یادگار شہداء مناواں پہنچ گئے، قوم کو شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے مناواں میں یادگار شہداء پر حاضری دی ۔ انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
حمزہ شہباز کے ہمراہ سہیل شوکت بٹ،ماجد ظہور، خواجہ عمران نذیر، غزالی سلیم بٹ ، کبیر تاج،اور عمران گورائیہ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہے 9 مئی کے واقعہ نے عوام کے دل کو زخمی کیا ہے ۔ کسی کو بھی عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلنے نہیں دیں گے۔ چند ہزار کا جتھہ 22 کروڑعوام کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرسکتا،
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے لئے شہید ہونے والوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملکی سلامتی یقینی بنائی۔پاک فوج ہمارا فخر ہے۔کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاک افواج پر حملہ آور ہو۔