ایک نیوز: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2023 کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے2017 کی مردم شماری کےتحت حلقہ بندیوں پر انتخابات کرانے کافیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اگست 2022 کی حلقہ بندیوں پر عام انتخابات کی تیاریاں شروع کی ہیں، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں سے متعلق تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ عام انتخابات 2023 میں ساڑھے 12 کروڑ کے لگ بھگ ووٹر حق رائے دہی استعمال کرینگے۔تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر انتخاب 5 اگست 2022 کی حلقہ بندیوں پر ہوگا۔قومی اسمبلی کی 272 کی بجائے 266 جنرل نشستوں پر الیکشن ہونگے۔فاٹا انضمام کے بعد قبائلی علاقوں کی قومی اسمبلی کی چھ نشستیں کم ہوگئی تھیں۔
پنجاب اسمبلی 297،بلوچستان اسمبلی 51 جنرل نشستوں پر انتخاب ہونگے جبکہ سندھ اسمبلی کی 130،خیبرپختونخواہ کی 115 جنرل نشستوں پر الیکشن ہونگے۔وفاقی حکومت کی جانب سے تاحال ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج جاری نہیں ہوسکے ہیں۔ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج سامنے نہ آنے کیوجہ سے الیکشن کمیشن نے پرانی مردم شماری کے تحت تیاریاں شروع کی ہیں۔