5ارب روپے سے پی کے ایل آئی کا انڈوومنٹ فنڈقائم

May 22, 2023 | 13:29 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:  نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور پی کے ایل آئی کے بورڈ آ ف گورنرز کے چیئرپرسن پروفیسرڈاکٹر سعید اختر اورڈاکٹرزسے ملاقات کی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  ادارے کے ضروری ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے پی کے ایل آئی میں نئی بھرتیوں کی اصولی منظوری دی اور ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی میں خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر قانونی کارروائی مکمل کی جائے۔انہو ں نے کہا کہ  5ارب روپے سے پی کے ایل آئی کا انڈوومنٹ فنڈقائم کیا گیا ہے اور انڈوومنٹ فنڈ کیلئے مزید فنڈز دیئے جائیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی کے ایل آئی میں ریسرچ ڈویلپمنٹ کیلئے فلٹر کلینکس کوفوری طورپر بحال کرنے کی ہدایت کی۔ فلٹر کلینکس میں موجود مریض ویڈیولنک کے ذریعے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی رائے حاصل کرسکیں گے۔ پی کے ایل آئی کے ذریعے میڈیکل ایجوکیشن اورریسرچ کو فروغ دیا جائے گا اور پی کے ایل آئی میں سٹیٹ آف دی آرٹ کنٹرول اینڈکمانڈ سینٹر قائم کیا جائے گا۔

٘محسن نقوی نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی عبادت نہیں۔ پر وفیسر ڈاکٹر سعیداختر نے پی کے ایل آئی کی کارکردگی اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی۔

محسن نقوی نے انسٹی ٹیوٹ میں علاج معالجے کیلئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت اوردیگرحکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

مزیدخبریں