پاکستان میں ایئر ٹیکسی سروس،گھنٹوں کا سفرمنٹوں میں

May 22, 2023 | 11:53 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  نئے دور کے نئے تقاضوں کے تحت پاکستان میں پہلی مرتبہ فضائی ٹیکسی کی سروس متعارف کروائی جارہی ہے جسے آن لائن بُک کروایا جاسکے گا۔

رپورٹ کے مطابق ائرٹیکسی سروس کی بدولت  عوام کو  آسانی کے ساتھ نقل و حمل کا تیز ترین ذریعہ میسرآئے گا۔نجی کمپنی اسکائی ونگز نے غیرملکی سرمایہ کار کے ساتھ مل کر کراچی میں ائیر جدید سہولت کا آغاز کیا ہے جو آئندہ دو ہفتوں میں لوگوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ 

اِسکائی ونگز ایوی ایشن کےسی او او عمران اسلم خان کے مطابق یہ سروس دیگر ٹیکسی بُکنگ ایپلی کیشنز کی طرح موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کی جاسکے گی جس میں آپ اپنے مطلوبہ وقت اور منزل کا انتخاب کرسکتے ہیں۔اس سروس کا کرایہ عام چارٹرڈ طیاروں سے بہت کم ہوگا۔فصائی ٹیکسی سروس میں ابتدائی طور پر 2 سے 6 نشستوں والے 8 طیارے متعارف کروائے جارہے ہیں  آنے والے دنوں میں ان کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

رواں ہفتے جرمن طیارہ ساز کمپنی کا ایک DA 40 ڈائمنڈ طیارہ بھی سروس میں شامل کیا گیا ہے جس میں پائلٹ کےعلاوہ تین مسافر سیٹیں ہیں، جو تقریباً 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے۔اس ائر ٹیکسی سے سیاسی ،مذہبی و کاروباری شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے متمول افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔

عمران اسلم کا مزید کہنا ہےکہ اسکائی ونگزایمبولینس سروس، ون ڈے پائلٹ اور ہوابازوں کی تربیت پہلے سے کررہا ہے، منفرد سروس کے ذریعے انتہائی قلیل وقت میں کوئی بھی یہ خدمات حاصل کرسکتا ہے۔

مزیدخبریں