یورپی ملک ہنگری نے کورونا کو شکست دے دی

May 22, 2021 | 14:31 PM

admin
بداپسٹ: ایک اور ملک نے کورونا کو شکست دے دی ، ہنگری کے وزیراعظم نے کورونا پابندی کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اب شہریوں کو فیس ماسک لگانے کی ضرورت نہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہنگری کے وزیراعظم وتکور اوربن نے جمعے کے روز سرکاری ریڈیو کے ذریعے قوم سے خطاب کیا اور کرونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے رات کے کرفیو، ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کر کے اتنی بڑی کامیابی حاصل کی ، جس کے بعد آج سے ہم فیس ماسک کو الوداع کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار تک پچاس لاکھ شہریوں کو ویکسین لگا دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب شہریوں کو عوامی مقامات پر فیس ماسک کے لگانے کی ضرورت نہیں‌ ہوگی جبکہ کھلے مقامات پر عوامی اجتماع میں شرکت کرنے والوں کی تعداد کو بڑھا کر 500 کیا جارہا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہنگری میں داخل ہونے کے خواہش مند افراد کو ویکسی نیشن کارڈ لازمی دکھانا ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ان سارے اعلانات کا واضح مطلب یہ ہے کہ ہم نے کرونا کی تیسری لہر کو شکست دے دی ہے اور اب ماسک کو الوداع کہنے کا وقت ہے۔یاد رہے کہ ہنگری یورپ کا وہ واحد ملک ہے جس نے روس اور چین میں تیار ہونے والی ویکسین حاصل کر کے اس کی خوراکیں شہریوں کو فراہم کیں۔

مزیدخبریں