ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی مینار پاکستان پر جلسے سے متعلق درخواست نمٹا دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کو مینار پاکستان جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی،جسٹس راحیل کامران نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی ،تحریک انصاف اور انتظامیہ کے درمیان جلسے سے متعلق معاملات طے پا گئے ،سرکاری وکیل نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے بیان حلفی اور انڈر ٹیکنگ دے دی گئی ۔
جج صاحب نے ریمارکس دئیے کہ سیاسی سرگرمی تحریک انصاف کا حق ہے، عدالت سراہتی ہے کہ فریقین کے درمیان معاملات طے ہوگئے ہیں۔
وکیل پی ٹی آئی نے بتایا 25 مارچ رات کو جلسہ ہے، 48 گھنٹے پہلے یعنی 23 مارچ کو رسائی دے دیں۔
ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے کہا ان کا کام جمعرات سے شروع ہو جائے گا، ان کو ایک محدود ایریا دیں گے، اور خاص ایریا کو کوارڈن آف کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے عدالت کو یقین دہانی کرائی گئی کہ انتظامات کے لیے معقول وقت دیا جائے گا ۔عدالت نے استفسار کیا کہ سکیورٹی کا کیا بنے گا؟ جس پر سی سی پی او لاہور نے کہا ہم مناسب سکیورٹی فراہم کریں گے۔
بعدازاں عدالت نے تحریک انصاف کی درخواست نمٹا دی۔