پی اے ایف کالج سرگودھا میں فاؤنڈرز ڈے کا انعقاد

پی اے ایف کالج سرگودھا میں فاؤنڈرز ڈے کا انعقاد

ایک نیوز: پی اے ایف کالج سرگودھا میں فاؤنڈرز ڈے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ 

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہےکہ 1953ء سے قائم شدہ پی اے ایف کالج سرگودھا ایک قابلِ فخر تاریخ اور اعلیٰ میراث کاحامل ہے ۔یہ کالج  بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کی نرسری رہی ہے جو کہ دیانتداری، خلوص اور خدمت جیسی اعلیٰ اقدار کے ساتھ ساتھ خود سے بڑھ کر فرض سے لگن کے جذبے سے سرشار تھے۔ 

 ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو  کا کہنا ہے کہ پی اے ایف کالج سرگودھا کو پاک فضائیہ کے عالمی شہرت یافتہ فضائی جنگجو پیدا کرنے کا اعزاز  بھی حاصل ہے ۔تیزی سے تغیر پذیر اور غیر مستحکم قومی سلامتی کا ماحول ایسی تربیت یافتہ تکنیکی افرادی قوت کا متقاضی ہے جو اس ٹیکنالوجی سے بھرپور ماحول کا مقابلہ کر سکے۔ ایئر چیف نے بچوں کی کامیابی پر انکے والدین کو بھی مبارکباد دی اور بہترین کارکردگی پر اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔ 

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہےکہ سپورٹس کی چیگ ول شیلڈ بھی اقبال ہاؤس کے نام  کی گئی۔ ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی پر جنرل سروس ٹریننگ کپ عالم ہاؤس نے جیتا ۔ اکیڈمکس کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی منیر ہاؤس نے حاصل کی۔سال کا چیمپئین ہاؤس بننے پر اقبال ہاؤس کو قائداعظم شیلڈ سے نوازا گیا۔ ایئر وائس مارشل (ریٹائرڈ) آصف مقصود، پرنسپل پی اے ایف کالج، سرگودھا نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ دفاعی اہلکاروں سمیت ریٹائرڈ اساتذہ، سینئر بیوروکریٹس اور پری کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-03-22/news-1679481958-5932.mp4