ایپل کے نئے فونزمیں ایسی تبدیلی جوصارفین کوپسندنہیں آئے گی

ایپل کے نئے فونزمیں ایسی تبدیلی جوصارفین کوپسندنہیں آئے گی
کیپشن: There is a change in Apple's new phones that consumers will not like

ایک نیوز: ایپل کے نئے آئی فونزمیں ایسی تبدیلی جوصارفین کوپسندنہیں آئے گی ایپل کی جانب سے 2007 کے بعد پہلی بار آئی فون کے ڈیزائن میں ایک بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے۔
ایک نئی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 15 پرو ماڈلز میں میوٹ سوئچ کو ختم کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں کمپیوٹر ایڈڈ ڈیزائن (سی اے ڈی) کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ آئی فون 15 سیریز کے پرو ماڈلز کے بٹنوں میں نمایاں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
کمپنی کی جانب سے آئی فون کے روایتی ڈوئل والیوم بٹن کو سنگل بٹن سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔اسی طرح 2007 سے آئی فونز میں موجود میوٹ سوئچ کو ختم کیا جا رہا ہے۔
ویسے سننے میں تو یہ کوئی بہت بڑی تبدیلی نہیں مگر یہ ان صارفین کیلئے بڑا دھچکا ہوگا جو میوٹ سوئچ اور والیوم بٹنز کو استعمال کرنے کے عادی ہیں۔
البتہ آئی فون 15 اور آئی فون 15 پلس ماڈلز کے بٹنوں کے ڈیزائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ والیوم اور میوٹ بٹنز کیلئے ہیپٹک فیڈ بیک سسٹم کو استعمال کیا جائے گا۔ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
 آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔دیگر لیکس میں آئی فون 15، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ گلاس پینل دکھائے گئے تھے۔
گلاس پینل سے عندیہ ملتا ہے کہ اس سال اسٹینڈرڈ آئی فون ماڈل کے سیلفی کیمرے کیلئے بھی نوچ ڈیزائن ختم کیا جا رہا ہے اور اس کی جگہ ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن کو دی جا رہی ہے۔
ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اس سال آئی فون 15 پرو میکس میں پیری اسکوپ زوم کیمرا بھی دیے جانے کا امکان ہے۔