ایک نیوز:ٹوئٹرکےچیف ایگزیکٹوآفیسرایلون مسک نےٹوئٹرمیں بڑی تبدیلی کاعندیہ دےدیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئےچیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او) ایلون مسک نے ٹوئٹر میں اس بڑی تبدیلی کا عندیہ دیاہے۔
ایلون مسک کاکہناہے کہ بہت جلدحروف کی تعداد10ہزارکردی جائے گی ۔جس کے ساتھ سادہ فارمیٹنگ ٹولزبھی دستیاب ہوں گے۔
البتہ ایلون مسک نے اس فیچر کو متعارف کرانے کی تاریخ یا دیگر تفصیلات نہیں بتائیں۔اس سے قبل 6 مارچ کو بھی ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں حروف کی تعداد 10 ہزار تک بڑھانے کی بات کی تھی۔
پہلے ایک ٹوئٹ میں صرف 140 حروف استعمال ہوسکتے تھے۔ 2017 میں حروف کی تعداد 280 کی گئی تھی۔
فروری میں اس کمپنی نے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کے صارفین کیلئے 4 ہزار حروف پر مشتمل ٹوئٹس کا فیچر متعارف کرایا تھا۔ جو عام صارفین کو دستیاب نہیں۔
اب ٹوئٹ کے حروف کی حد کو 10 ہزار تک کرنے کا کہا جا رہا ہے مگر یہ واضح نہیں کہ یہ تبدیلی عام صارفین کو دستیاب ہوگی یا صرف ٹوئٹر بلیو استعمال کرنے والوں تک محدود ہوگی۔
ٹوئٹر کی جانب سے اس سبسکرپشن سروس کیلئے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین سے ماہانہ 11 ڈالرز جبکہ ویب ورژن پر 8 ڈالرز ماہانہ لیے جا رہے ہیں۔مگر اب تک اس سروس کو پاکستان میں متعارف نہیں کرایا گیا۔