پی سی بی نے پری سیزن ٹریننگ کیمپ کا اعلان کردیا

پی سی بی نے پری سیزن ٹریننگ کیمپ کا اعلان کردیا
کیپشن: PCB has announced the pre-season training camp

 ایک نیوز:پاکستان کرکٹ بورڈ نے پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ اور پاکستان شاہینز کے ٹریننگ کیمپ کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ 

 تفصیلات کے مطابق پری سیزن کیمپ 24جون سے 7جولائی تک کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں لگایا جائے گا۔  پری سیزن کیمپ میں 25 کرکٹرز شرکت کریں گے۔ 

ان 25کھلاڑیوں کو مختصر کرکے 15 رکنی پاکستان شاہینز سکواڈ میں تبدیل کردیا جائے گا ،جو 8 سے 13 جولائی تک تربیتی کیمپ میں ڈارون آسٹریلیا کے دورے کی تیاری کرے گا۔پاکستان شاہینز 14 جولائی سے 18 اگست تک ڈارون کا دورہ کرے گی۔ڈارون میں پاکستان شاہینز بنگلہ دیش اے کے خلاف 2 چار روزہ میچز کھیلے گی ۔50 اوورز کے دو میچز ناردن ٹیریٹری اور بنگلہ دیش اے کے خلاف کھیلے جائنگے۔ 

اس کے علاوہ یہ سکواڈ ٹیموں کی ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں بھی شرکت کرے گی،پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی 8 سے 13جولائی تک پاکستان شاہینز کے تربیتی کیمپ کی نگرانی کریں گے،ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر ڈارون بھی جائیں گے، 29 جولائی کو بنگلہ دیش اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے،یہاں انہیں بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں اپنی ذمہ داری سنبھالنی ہے۔ 

پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ کی نگرانی محمد مسرور کریں گے جو اسسٹنٹ کوچ اور منیجر کے طور پر ڈارون جائیں گے،عبدالرحمن وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر 28 جولائی کو ڈارون میں 2 ون ڈے اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کو جوائن کریں گے۔

 قومی ٹیم کے کھلاڑی جو اس وقت برطانیہ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں اور وہ کھلاڑی جو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کھیلے ہیں انہیں پری سیزن کیمپ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ 

قومی سلیکشن کمیٹی کے اعلان کردہ پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ کے لیے کھلاڑیوں عبداللہ شفیق، فیصل اکرم، حسیب اللہ، حنین شاہ، امام الحق، محمد عرفان خان ، کامران غلام، کاشف علی ، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حارث ، محمد حریرہ ، وسیم جونیئر، مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، ثمین گل، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، طیب طاہر،عمرامین،عثمان قادراورزاہد محمود شامل ہیں۔

 اگلے ہفتے کیمپ میں مزید ایک کھلاڑی کو شامل کیا جائے گا۔

 پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں میں حسیب اللہ ، حنین شاہ، محمد عرفان خان ، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حریرہ، مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور عمر امین شامل ہیں۔ کپتان اور ایک اور کھلاڑی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 

پلیئر سپورٹ  سٹاف میں جیسن گلیسپی ریڈ بال میچوں کے ہیڈ کوچ 8 سے 13 جولائی تک کیمپ کی نگرانی بھی کریں گے،عبدالرحمان وائٹ بال میچز کے لیے ہیڈ کوچ اور 28 جولائی کو ٹیم جوائن کریں گے،محمد مسرور اسسٹنٹ کوچ کم مینیجر اور کیمپ کمانڈنٹ 24 جون سے7 جولائی تک کیمپ کی نگرانی کریں گے۔

یہ لگاتار دوسرا سال ہے جب پاکستان شاہینز ڈارون سیریز میں شرکت کرے گی۔ پچھلے سال پاکستان شاہینز نے 6ٹیموں کی ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لیا تھا ،جس کے بعد اس نے پاپوا نیو گنی اور این ٹی اسٹرائیک کے خلاف 50 اوور کے میچ کھیلے تھے۔ این ٹی اسٹرائیک نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں شاہینز کو 46 رنز سے شکست دی تھی ۔50 اوورز کے میچوں میں پاکستان شاہینز نے پی این جی کو 224 رنز اور ناردن سٹرائیک کو 84 رنز سے شکست دی تھی۔ 

اس دورے کے دو چار روزہ میچز دو طرفہ سیریز کا حصہ ہیں، جس کی میزبانی ناردن ٹیریٹری کرکٹ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کر رہی ہے۔ 

پی سی بی اگست میں بنگلہ دیش ٹیم کی میزبانی اپنے یہاں کرنے والا ہے۔  

پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کا کہنا ہے میں پاکستان شاہینز کو دوسرے لگاتار سال کے لیے مدعو کرنے پر ناردن ٹیریٹری کا شکر گزار ہوں۔ پچھلے سال کھلاڑیوں نے ایک یادگار تجربہ کیا اور پرجوش کرکٹ شائقین کے سامنے بہترین پلیئنگ کنڈیشنز میں کھیلنے اور پرفارم کرنے کا لطف اٹھایا۔ اس سال ہم نے اپنے کرکٹرز کو مزید مواقع دینے کے لیے ریڈ بال کرکٹ میچز شامل کیے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ کھلاڑی اس دورے سے فائدہ اٹھائیں گے اور بہتر کرکٹرز کے طور پر واپس آئیں گے۔