ایک نیوز: وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں آئندہ بجٹ اور آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی کاموں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے مسلسل حمایت پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوارالحق کا کہنا تھا کہ حکومت کا بنیادی مقصد گڈ گورننس اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے، گزشتہ 5 سال سے بجٹ گرانٹ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، سالانہ ترقیاتی منصوبوں کا ہدف پورا کرنے کے لیے بجٹ گرانٹ میں اضافہ کیا جائے۔
چودھری انوار الحق کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی و سیکورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے لیے بجٹ گرانٹ میں اضافہ کیا جائے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر بین الاصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بجٹ گرانٹ میں اضافے کی تجویز پر مثبت غور کیا جائے گا، حکومت آزاد جموں و کشمیر کی معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ضروری تعاون فراہم کریں گے،وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گی۔