ایک نیوز: سنانواں میں غیرت کے نام پر ایک گھر میں گھس کر شادی شدہ جوڑے کو قتل کردیا گیا۔ مقتول شازیہ اور طارق نے ایک سال قبل ہی گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کی تھی۔
پولیس کے مطابق خاتون نے پسند کی دوسری شادی کرنے کے لیے اپنے پہلے شوہر سے تنسیخ نکاح کروایا تھا۔مقتولہ کے بھائی،والد اور سابق شوہر سمیت اہلخانہ نے فائرنگ کرکے جوڑے کو قتل کیا۔
واقعے کے بعد دونوں مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے دیہی مرکز صحت سنانواں منتقل کردیا گیاہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کوٹ ادو کے علاقہ سنانواں میں ہونیوالے دوہرے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ ڈی پی او مظفر گڑھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وقوعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کےلیے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کاحکم دیا گیا ہے۔
آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی،لواحقین کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔