ایک نیوز :وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری انتونیو گوتیرس اورمصرکے صدر عبد الفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کی ملاقات ہوئی ، دونوں رہنماؤں کی ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیراعظم کا جوابی خیرسگالی کے پرجوش جذبات سے خیرمقدم کیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پاکستان کا محسن تصور کرتے ہیں، سیلاب کے موقع پر آپ کی مدد بھول نہیں سکتے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں ہونے والی تباہی کے آپ عینی شاہد ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کے بارے میں سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیااور کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی دوبارہ آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے اور رہے گی، موسمیاتی تبدیلیوں سے ترقی پزیر ممالک پر معاشی دباؤمزید بڑھا گیا ہے،ترقی پزیر ممالک میں شرح نمو بڑھانے اور مالیاتی توازن برقرار رکھنے میں نئے مسائل درپیش ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقی پزیر ممالک کی مالیاتی مدد کے لئے بروئے کار لایاجائے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس میں سربراہی کانفرنس ایک اچھی اور درست سمت میں شروعات ہیں، موسمیاتی انصاف کے ساتھ ترقی پزیر ممالک کے ساتھ عالمی مالیاتی وسائل کی تقسیم میں بھی منصفانہ رویہ درکار ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے وزیراعظم اور ان کی حکومت کے جذبے کو سراہا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی دونوں راہنماؤں نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی وزیراعظم نے کوپ27 کے شرم الشیخ میں ہونے والے اجلاس میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو اہم پیش رفت قرار دیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ شرم الشیخ نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے عزم سے عالمی سطح پر ایک اہم پیش رفت کی بنیاد رکھی ہے، شرم الشیخ میں جس سیاسی عزم کا اظہارکیاگیا، وہ بتدریج آگے بڑھ رہاہے، دونوں قائدین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا دونوں قائدین نے عالمی وعلاقائی امور پر باہمی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور مصر ی صدر سے ملاقات
Jun 22, 2023 | 18:02 PM