ایک نیوز :وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ کا آئیڈیا میں نے دیا تھا ،اسلامی مملکت کا فرض ہے کہ خواتین کی مدد کریں ،سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 12 ارب کیلئے منظوری دی ہے ۔
تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے 11 ارب سے زائد کے منصوبے ہونگے۔
سیلاب کے بعد ایک ٹیم بنائی گئی جس میں عالمی و ملکی ادارے شامل تھے۔ اس ٹیم کی رپورٹ کے مطابق 30 ارب ڈالرز سے زائد نقصان ہوا۔ سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے کے لئے 16.3 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے۔ ہم نے اس معاملے پر مزید گفتگو کی ہے، طے پایا ہے وزارت منصوبہ بندی اگلے چار سال کے لئے ایک ماسٹر پلان بنائے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں 8 ارب ڈالرز کے قریب وعدے کئے گئے۔ کونسا ڈونر کس وعدے کو پورا کرے گا اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15 جولائی تک ایک ماسٹر پلان بنایا جائے گا۔ پلان کے لئے 16.3 ارب ڈالرز میں سے آدھا حکومت پاکستان ادا کرے گی۔ آدھا بین الاقوامی ڈونرز کی جانب سے ادا کیا جائے گا۔ اسحا ق ڈار نے مزید کہا کہ اچھے کام کی نیت کریں تو اللہ تعالیٰ مدد کرتا ہے ، سیلاب متاثرین کیلئے فوری طور پر 100ارب کی فوری ضرورت ہے۔