ایک نیوز: چیئرمین پی سی بی کیلئے مضبوط امیدوار ذکا اشرف کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد اور اسے ناانصافی قرار دیے جانے پر ایشین کرکٹ کونسل ے ردعمل دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اے سی سی کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے منظور شدہ ہائبرڈ ماڈل سے متعلق پریس کانفرنس میں ذکا اشرف نے کہا میں نے ہائبرڈ ماڈل کو پہلے ہی مسترد کر دیا تھا۔ ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی دی ہے اس لیے پاکستان کو مکمل ایشیاکپ کی میزبانی کرنی چاہیے۔
ذکا اشرف نے کہا کہ اہم میچز باہر ہوں گے اور نیپال، بھوٹان کے میچز پاکستان میں ہوں گے، پاکستان کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل ناانصافی ہے۔ اے سی سی بورڈ کے ایک رکن نے ذکا اشرف کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے کے بعد بیان دیا۔ اے سی سی کے بورڈ کے رکن نے کہا ' ذکا اشرف آزاد ہیں، وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں لیکن ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو اے سی سی نے قبول کر لیا ہے اور اب اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی'۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے دو مضبوط امیدوار تھے، مسلم لیگ ن نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی دیکھنا چاہتی تھی جب کہ پیپلز پارٹی ذکا اشرف کی حامی تھی۔ دو روز قبل نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر بیان کے ذریعے خود کو چیئرمین پی سی بی کی دوڑ سے باہر کر دیا تھا جس کے بعد اب چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط ترین امیدوار ذکا اشرف ہیں۔
ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا گیا تھا جسے حال ہی میں قبول کیا گیا ہے۔ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے ابتدائی میچ کی میزبانی پاکستان کرے گا جب کہ بقیہ میچز سری لنکا میں کرائے جائیں گے۔
پاکستان ایشیاکپ کے 4 میچز کی میزبانی لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کرے گا جبکہ بقیہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے تاہم اگر ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم آتی ہے تو فائنل بھی سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔