ایک نیوز: لندن میں علاج کیلئے مقیم قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی وطن واپسی کنفرم ہوگئی۔ وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے قوم کو بڑی خوشخبری سنادی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کی لندن میں قائد ن لیگ نواز شریف سے تین ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ جس میں نواز شریف کو وطن واپسی کے حوالے سے قانونی نکات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیرقانون نے مؤقف اختیار کیا کہ پارلیمنٹ میں نئی قانون سازی کے بعد آپ کی تاحیات نااہلی ختم ہوجائے گی۔ سینیٹ سے یہ بل پاس ہوچکا ہے اور جلد قومی اسمبلی سے بھی پاس کروا لیں گے۔ جس کے بعد آپ کے وطن واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارلیمنٹ کی قانون سازی پر اظہار اطمینان کیا ہے۔ دوران ملاقات نوازشریف ماضی میں عدلیہ کی اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ذکر کرتے رہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف نے قانون نافذ ہونے کے بعد جلد وطن واپسی کا بھی عندیہ دے دیا۔