ایک نیوز: ریماوٴنٹ ویٹرنری اینڈ فارمز کور اورگوجرانوالہ کورکے زیر اہتمام فری ویٹرنری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ راہوالی مویشی منڈی میں مفت ویٹرنری کیمپ کا مقصد کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو سہولیات فراہم کرنا تھا۔ سیالکوٹ اور کھاریاں میں بھی ایسے فری ویٹرنری کیمپس کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرحدی دفاع کے ساتھ ساتھ، پاک فوج عوامی بہبود اور قومی ہم آہنگی کے معاملات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ اس ضمن میں ریماوٴنٹ ویٹرنری اینڈ فارم کور اور گوجرانوالہ کور کے زیر انتظام راہوالی مویشی منڈی میں مفت ویٹرنری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
مفت کیمپ کا مقصد کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو سہولیات فراہم کرنا تھا۔ ان سہولیات میں جانوروں کی مفت تشخیص و علاج، لیبارٹری ٹیسٹ، مصنوعی نسل کشی اور حمل کی تشخیص کے ساتھ ساتھ ادویات اور ویکسین کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔
کیمپ میں بتایا گیا کہ جانوروں کی صحت پر توجہ انسانی صحت کی طرح ضروری ہے۔ جانوروں کی صحت پر توجہ نہ دینے اور لاپرواہی برتنے سے نہ صرف جانور متاثر ہوتے ہیں بلکہ کئی بیماریاں براہ راست انسانوں میں منتقل ہو کر انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔ اس لیے اگر کسی جانور میں بیماری کی کوئی علامت نظر آئے تو وقت ضائع کیے بغیر ویٹرنری ڈاکٹر سے اس کا معائنہ کروائیں۔
اس فری کیمپ میں محکمہ لائیو سٹاک حکومت پنجاب کا تعاون بھی شامل تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقے کے کسانوں اور پالتو جانوروں کے مالکان کے لیے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی متعدی بیماریوں سے متعلق آگاہی کے لیے ایک لیکچر کا بھی اہتمام کیا گیا۔
عوام اور شرکاء کی آگاہی کے لیے نیا چارہ جس میں روڈس گراس اور سپر نیپئر شامل ہے۔ اس کی کاشت کے فوائد اور استعمال پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ویٹرنری کیمپ میں جانوروں سے متعلق مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے۔ کیمپ میں آنے والے کسانوں نے پاک فوج کی اس کاوش کو سراہا اور کیمپ میں موجود سہولیات سے مستفید ہوتے نظر آئے۔ مستقبل قریب میں سیالکوٹ اور کھاریاں میں بھی ایسے فری ویٹرنری کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا۔