'ہماری ریڈ لائن پاکستان اور پاک فوج ہے'، مختلف شعبہ ہائے زندگی کا دورہ جناح ہاؤس

Jun 22, 2023 | 11:35 AM

ایک نیوز: مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے جناح ہاوٴس کا دورہ کیا۔ وفد کے شرکاء نے شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کرنے والے شرپسندوں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ریڈ لائن پاکستان اور پاک فوج ہے، کسی بھی سیاسی جماعت کو پاکستان سے آگے نہیں مانتے۔

تفصیلات کے مطابق وفد کے ارکان نے مزید کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، ہمارا کاروبار ہے، ہمارے بچے ہیں، پاکستانی فوج بارڈر پر دشمن سے لڑ کر قربانیاں دیتی ہے۔ آج جناح ہاوٴس کو دیکھ کر ہمیں بہت دکھ ہوا ہے۔

وفد کے ارکان نے 9 مئی کے واقعہ کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ایسے واقعات پاکستان کی منفی عکاسی کرتے ہیں۔ جناح ہاوٴس کی جو تباہی ہم نے دیکھی ہے ، جس بےحس طریقے سے اس کو جلایا گیا ہم سمجھ نہیں پا رہے کہ سیاست کی آڑ میں نوجوان نسل کو کیا سکھایا جا رہا ہے۔ 

وفد میں شامل خاتون ٹیچر کا کہنا تھا کہ اس ملک کو دشمن کی ضرورت نہیں ہے اگر ہم نوجوانوں نسل کو سیاست کے نام پر تباہی کی طرف اکسا رہے ہیں۔ قائد کا گھر ہمارا قومی ورثہ ہے ہم اس کو کیسے تباہ کر سکتے ہیں؟ 

وفد کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ جن شرپسندوں نے قائد کے گھر اور شہداء کی حرمت کو پامال کیا، سخت سزا ان کا حق ہے۔

مزیدخبریں