ایک نیوز: سپریم کورٹ میں اقلیتوں سے متعلق عدالتی فیصلے پر قائم ون مین کمیشن کو فنڈز فراہمی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت عظمیٰ نے حکومت کو کمیشن کی 19 ملین اضافی گرانٹ کی درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ اضافی فنڈز فراہمی کے حوالے سے کیا پیشرفت ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ عدالت میں تحریری جواب جمع کروایا ہے، عدالت حکم دے گی تو فنڈز فراہم کر دیں گے۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ فنڈز فراہمی کا حکم دینا عدالت کا نہیں حکومت کا کام ہے، حکومت موجودہ سیشن کے دوران فنڈز فراہمی پر فیصلہ کرے۔
رمیش کمار نے عدالت کو بتایا کہ ون مین کمیشن کو اضافی فنڈز کی فراہمی پر میرا اعتراض ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ اضافی فنڈز کی وضاحت ہے یا نہیں یہ فیصلہ فنڈز دینے والے کریں گے۔
عدالت عظمیٰ نے حکومت کو ون مین کمیشن کی 19 ملین اضافی گرانٹ درخواست پرجلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔