اغوا برائے تاوان سمیت سنگین جرائم میں ملوث حاکم حروانی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

Jun 22, 2023 | 11:28 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  قتل ، اغوا برائے تاوان اور اسلحہ سمگلنگ سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث خطرناک کچہ کریمنل حاکم حروانی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق عمر کوٹ کا رہائشی حاکم حروانی خطرناک گینگ فیاض دلانی گروپ کا نائب اور مطلوب کریمنل کی فہرست میں شامل تھا جس کی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تصدیق کر دی ہے۔ حاکم حروانی کو پنجاب پولیس نے بلوچستان کے راکھنی ایریا سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران گرفتار کیا تھا۔

ڈی پی او راجن پور  کا کہنا ہے کہ حاکم حروانی روجھان کے علاقہ میں اغوا کی واردات کے دوران قتل کے مقدمہ میں بھی مطلوب تھا۔ حاکم حروانی کو گزشتہ رات کچہ ایریا میں واردات میں ملوث دیگر ساتھیوں کی نشاندہی اور اسلحہ کی برآمدگی کے لئے لے جایا جا رہا تھا۔میران پور دریا کی پہاڑی پر حاکم حروانی کے ساتھیوں نے ملزم کو چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا جس کے بعد پولیس اور کچہ کے ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ رکنے اور علاقہ کے سرچ آپریشن میں ملزم حاکم حروانی کی لاش  گنے کے کھیتوں سے برآمد ہوئی۔ڈاکوؤں کی شدید فائرنگ کے  نتیجے میں پولیس کی موبائل وین کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ملزم حاکم حروانی کی ڈیڈ باڈی کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال روجھان منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق بدنام زمانہ ڈاکو حاکم حروانی قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان سمیت سنگین جرائم کی 21 وارداتوں میں ملوث تھا۔ملزم حاکم حروانی نے فیاض دلانی اور ابوبکر دلانی کے ہمراہ روجھان کی ایک دکان سے اغوا کی کوشش کے دوران مزاحمت پر 02 افراد کو قتل کر دیا تھا۔اس اندوہناک واردات کا مقدمہ پولیس سٹیشن روجھان میں درج تھا۔ حاکم حروانی  ڈاکو خدا بخش لنڈ پر پولیس ریڈ کے دروان پولیس پارٹی پر فائرنگ میں بھی ملوث تھا۔

مزیدخبریں