ایک نیوز : آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی نے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کا اعلان کردیا ہے اور پی ایچ ڈی کی اسکالرشپ35ہزار سے بڑھاکر50ہزار روپے کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی نے پی ایچ ڈی کی اسکالرشپ35ہزار سے بڑھاکر50ہزار روپے کردی ہے۔ملک میں یہ واحد ادارہ ہے جو ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ لینے والے تمام طالب علموں کو اسکالرشپ دیتا ہے۔آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق6ہزار روپے فیس برائے داخلہ کارروائی سندھ بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کروائی جاسکتی ہے۔
متعلقہ رقم ناقابل واپسی ہوگی، داخلہ درخواستیں اسکین کاپی اور تمام ضروری کاغذات، فیس ڈپازٹ سلپ 5 جولائی تک جامعہ کراچی کے ایڈمیشن پورٹل پر آن لائن جمع کروائی جاسکتی ہیں۔ کامیاب امیدواروں کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں داخلہ دیا جائیگا۔
اْمیدوار نامیاتی کیمیا، تجزیاتی کیمیا ، طبعیاتی کیمیا ، غیر نامیاتی کیمیا ، حیاتی نامیاتی کیمیا ، ٹیکسٹائل کیمسٹری، فارماکولوجی اور مالیکیولر میڈیسن بشمول مالیکیولر اینڈ سیلولر حیاتیات، مالیکیولر جینیٹکس، مالیکیولر فارماکولوجی اور دیگر شعبوں میں داخلے کیلئے اپلائی کر سکتے ہیں ۔