ایک نیوز: پی سی بی میں چئیرمین شپ کے مضبوط امیدوار ذکا اشرف نے ایشیاکپ کے ہائبرڈ ماڈل کو ناانصافی قرار دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا کہنا ہےکہ ہم نے پہلے دن سے ہی ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کردیا تھا۔ پورا ایونٹ یہیں ہوناچاہیے، اہم میچز باہر اور نیپال جیسی ٹیموں کے مقابلے پاکستان میں ہوں گے، ہائبرڈ ماڈل ہمارے ملک کے ساتھ ناانصافی ہے۔
ذکا اشرف نے کہا کہ فی الحال طے پانے والے معاملات کی تفصیلات سے آگاہ نہیں، بطور چیئرمین ذمہ داری سنبھالنے کے بعد صورتحال کا جائزہ لوں گا، فیصلوں میں ملکی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔ ذکا اشرف نے کہا کہ اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ تھا جو بدقسمتی سے آگے نہ بڑھ سکا۔ کرکٹ ملک کو متحد کرتی ہے، ہر جگہ سے ٹیلنٹ آگے آرہا ہے، اسے بہترین مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
اس موقع پر بین الصوبائی رابطہ امور کے وزیر احسان الرحمان مزاری نے کہا کہ بھارت کرکٹ کو سیاست کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ فٹبال اور ہاکی کی ٹیمیں دورہ کرسکتی ہیں تو کر کٹ کی کیوں نہیں؟ دونوں ملکوں میں باہمی مقابلے ہونے چاہییں۔ بھارت کو بھی ضد چھوڑ کر پاکستان آکر کھیلنا چاہیے، وہ نہیں آئے تو پھر ہم بھی نیوٹرل مقام پر ہی کرکٹ کھیلیں گے۔