ایک نیوز: جنوبی میکسیکو کے جنگلوں سے قدیم مایا تہذیب کا شہر دریافت ہوا ہے جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر 1000 سال پہلے مایا کلچر کا اہم مرکز رہا ہوگا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انتھروپولوجی اینڈ ہسٹری (آئی این اے ایچ) کے ماہرین نے بتایا کہ شہر میں اہرام جیسی بڑی عمارتیں، پتھر کے ستون، تین پلازے اور تقریباً مرتکز دائروں میں ترتیب دیے گئے دیگر ڈھانچے موجود ہیں۔
ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ شہر کو اوکمٹن (Ocomtún) کا نام دیا گیا ہے جس کا مایا زبان میں مطلب ’پتھر کا ستون‘ ہے۔ یہ شہر250 اور1000 اے ڈی کے درمیان جزیرہ نما کے وسطی نشیبی علاقے کا اہم مرکز ہوتا تھا۔
شہر کے آثار ملک کے یوکاٹن (Yucatan) نامی جزیرہ نما پر بالمکو ماحولیاتی ریزرو میں واقع ہیں اور اسے جنگل کے غیر دریافت شدہ حصے جس کی رقبہ یورپی ملک لکسمبرگ سے بھی بڑا ہے، کی تلاش کے دوران دریافت کیا گیا۔ یہ تلاش فضائی لیزر میپنگ (LiDAR) ٹیکنالوجی کے ذریعے کی گئی۔
مایا تہذیب جو اپنے جدید ریاضیاتی کیلنڈروں کیلئے مشہور ہے، جنوب مشرقی میکسیکو اور وسطی امریکہ کے کچھ حصوں تک پھیلی ہوئی تھی۔ ہسپانوی فاتحین کی آمد سے صدیوں پہلے وسیع پیمانے پر سیاسی تباہی اس کے زوال کا باعث بنی۔