ایک نیوز :سابق امریکی کک باکسراینڈریو ٹیٹ پررومانیہ کی عدالت نے انسانی اسمگلنگ، ریپ اور خواتین کے جنسی استحصال کے الزامات پرفرد جرم عائد کردی۔
اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی ٹرسٹن سمیت رومانیہ کی دو خواتین ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے،تمام ملزمان 7 خواتین کے خلاف بدسلوکی کی تحقیقات مکمل ہونے تک نظر بند ہیں اور تمام الزامات کو مسترد کرچکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سابق کک باکسراینڈریو ٹیٹ اوران کے بھائی رومانیہ میں انسانی اسمگلنگ کے مقدمے کا سامنا کرنے والے ہائی پروفائل مشتبہ افراد ہیں۔اینڈریو ٹیٹ خود کو ’عورتوں سے نفرت کرنے والا‘ کہتے ہیں، وہ اپنی متعدد ویڈیوز میں انتہائی پرتعیش زندگی کا اظہار کرچکے ہیں۔
نظربند ہونے سے قبل چار مشتبہ افراد کو 29 دسمبر سے 31 مارچ تک پولیس کی تحویل میں رکھا گیا تھا، جبکہ رومانیہ کے پراسیکیوٹرز نے نظربندی میں توسیع کی درخواست بھی دی ہے۔عدالت اب 21 جون کو فیصلہ کرے گی۔
اینڈریو ٹیٹ کے قانونی ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم ان کی بے گناہی ثابت کرنے اور ان کی ساکھ کو بحال کرنے کے موقع (ایک مقدمے کی سماعت) کے لیے تیار ہیں۔