تفصیلات کے مطابق ڈی پی او قصور صہیب اشرف کے مطابق کھارا چونگی قصور کے نجی اسکول میں مرد و خاتون کو نامعلوم افراد نے متعدد گولیاں مار کر قتل کیا، 24 سالہ مرد کی شناخت علی شان بطور سیکورٹی گارڈ ہوئی جبکہ خاتون کی لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔
ڈی پی او قصور کا کہنا ہے کہ کرائم سین کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرلیے ہیں تاہم قتل یاخودکشی سے متعلق کچھ کہنا قبل اَز وقت ہے۔ مقولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا قصور میں نجی سکول سے لڑکے اور لڑکی کی لاش ملنے کے واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سپروائزری آفسران نے جائے واردات کا دورہ کیا جبکہ کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیموں کو شواہد اکٹھے کرنے کیلئے طلب کیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے واقعہ کے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔