ٹیکنالوجی کے بادشاہ ایلون مسک کو بڑے مسئلے کا سامنا

ٹیکنالوجی کے بادشاہ ایلون مسک کو بڑے مسئلے کا سامنا
ایک نیوز نیوز: ٹیکنالوجی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اورارب پتی بزنس مین ایلون مسک کو زندگی میں ایک بڑے مسئلے کا سامنا ہے۔
ایک رپورٹ کےمطابق یہ مسئلہ کسی بھی باپ کے لیے بہت تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ان کی بیٹی نے نہ صرف قانونی طور پر اپنا نام اور جنس تبدیل کرنے کی درخواست دی ہےبلکہ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اب اپنے والد کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق نہیں رکھنا چاہتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایلون کی بیٹی کی عمر 18 برس ہے اور وہ بطور عورت اپنی شناخت چاہتی ہیں اور ویویان جینا ولسن کے نام سے پکاری جانا چاہتی ہیں۔
وہ اس سے پہلے زاویار ایلکزینڈر مسک کے نام سے جانی جاتی ہیں۔ نئے برتھ سرٹیفکیٹ اور نام کی تبدیلی کے لیے ان کی درخواست سانتا مونیکا شہر میں لاس اینجلس کاؤنٹی کی اعلیٰ عدالت میں دائر کی گئی ہے۔
ان کی یہ درخواست اپریل میں دائر کی گئی تھی جو اب حال ہی میں سامنے آئی ہے۔
تاہم اس حوالے سے ایلون مسک اور ان کی بیٹی کے درمیان بظاہر پیدا ہونے والے اختلاف کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
کمپنی ٹیسلا کے ساتھ ساتھ راکٹ بنانے والی کمپنی سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ابھی اس خبر پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
مسک نے ویویان کی والدہ جو کہ مصنفہ جسٹن ولسن ہیں، ان سے سنہ 2000 میں شادی کی تھی جو کہ سنہ 2008 میں طلاق کی صورت میں ختم ہو گئی تھی۔
اس جوڑے کے ہاں 2002 میں نویڈا نامی بیٹے کی پیدائش ہوئی تاہم وہ پیدائش کے دس ہفتے بعد ہی اچانک فوت ہو گئے۔
بعد میں ان کے ہاں جڑواں بیٹے زاویر اور گریفن کی پیدائش ہوئی اور پھر یہ ایک ساتھ تین بیٹوں ڈیمیان، کائی اور سیزون کے والدین بنے۔
والد کی شہرت کے باوجود ایلون مسک کے بچے نسبتاً کم ہی منظر عام پر دکھائی دیتے ہیں۔