پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کر لی ہیں ، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہناتھا کہ یونس خان جیسی قد آور اور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے ، دونوں فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔
ا نہوں نے کہا کہ وہ مختصر دورانیہ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں ، پرامید ہیں کہ وہ اپنے تجربے اور قابلیت کے تبادلے کیلئے مستقبل میں بھی پی سی بی کو دستیاب ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی تبصرے سے گریز پر اتفاق کیا ہے ، لہذا دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا ۔