ویب ڈیسک:سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف قاتلانہ حملے کے بعد سیکرٹ سروس کی ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل قانون سازوں کے سامنے گواہی دینے کیلئے پیش ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق کانگریشنل پینل کی جانب سے ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ روکنے میں ناکامی سے متعلق کمبرلی شیٹل سے سخت سوالات کیے گئے۔
سیکرٹ سروس کی ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل نے پیشی میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ روکنے میں ہم ناکام ہوئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ امریکی خفیہ سروس کے ڈائریکٹر کے طور پر میں اپنی اس کوتاہی کی ذمہ دار ہوں، خفیہ سروس کا مشن قوم کے رہنماؤں کی حفاظت کرنا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں سیکرٹ سروس ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل نے کہا کہ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ سیکرٹ سروس کی تاریخ میں اہم ترین آپریشنل ناکامی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمبرلی چیٹل سوال جواب کے دوران پانی پیتی رہیں۔
واشنگٹن سے خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ پر حملے میں سیکیورٹی کی ناکامی پر سیکرٹ سروس کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
ٹرمپ کی مغربی پنسلوانیا ریلی میں شوٹنگ کے بعد کمبرلی چیٹل کو ہاؤس اوور سائیٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا، ان کے 29 سالہ سیکرٹ سروس کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے کہ وہ امریکی ایوان کے سامنے پیش ہوئی ہیں۔