ایک نیوز:وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے اور حکومتی اداروں کی استعداد کار میں بہتری کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی جانب سے وفاقی وزارتوں کی استعداد بڑھانے اور سرمایہ کاری میں بہتری کے حوالے سے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کنسلٹنسی فرم کئیارنی کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں ،کئیارنی ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ فرم ہے جس کے آپریشنز دنیا بھر خصوصاً مشرق وسطیٰ میں ہیں ۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔
وزیراعظم نے سرمایہ کاری اور حکومتی استعداد کار میں بہتری کے ایسے منصوبے جن کے حوالے سے جلد نتائج برآمد ہونے کے امکانات ہیں کے لئے فی الفور مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کی استعداد کار اور سرمایہ کاری کے بڑھانے پر پیشرفت کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے،جس کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے ۔
کئیارنی کی جانب سے وزیراعظم کو حکومت پاکستان کے ساتھ جاری اپنے مشاورتی عمل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔
کئیارنی اب تک وفاقی حکومت کے 15 اداروں کے ساتھ مشاورت کر چکی ہے ،اس مشاورتی عمل میں 97 ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے ،کئیارنی حکومت پاکستان کے ساتھ مشاورت میں پائیدار ترقی کے لئے منصوبہ بندی کا لائحہ عمل تیار کرے گی ،کئیارنی سرکاری اداروں کا ریگولیٹری فریم ورک بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے حوالے حکومت پاکستان کو معاونت فراہم کرے گی ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے شرکت کی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک ہوئے۔