کملا ہیرس کو الیکشن میں شکست دینا بائیڈن کے مقابلے میں اور آسان ہوگا، ٹرمپ

کملا ہیرس کو الیکشن میں شکست دینا بائیڈن کے مقابلے میں اور آسان ہوگا، ٹرمپ
کیپشن: Kamala Harris will be easier to defeat in the election than Biden, Trump

 ویب ڈیسک:امریکی صدر جو بائیڈن کے 2024 کے صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار ہونے پر ان کے حریف امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے  آیا ہے۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے بائیڈن کو امریکی تاریخ کا واحد بدترین صدر قرار دیا۔

 یہ واضح نہیں ہےکہ بائیڈن کے بعد ڈیموکریٹس کی جانب سے کون امیدوار ہوگا، تاہم ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نائب صدر کملا ہیرس کو صدارتی الیکشن میں شکست دینا بائیڈن کے مقابلے میں اور آسان ہوگا۔

واضح رہےامریکی صدر جو بائیڈن نے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیاہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں جوبائیڈن نےکہا کہ بقیہ مدت صدر کے طور پر فرائض کی تکمیل پر توجہ دوں گا۔

جوبائیڈن نے کہا کہ اپنے فیصلے کے بارے میں اس ہفتے قوم سے بات کروں گا، میری دستبرداری پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔

صدر جوبائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کیلئے موجودہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔

جو بائیڈن کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب ڈیموکریٹک قانون سازوں اور پارٹی عہدیداروں کی جانب سے ری پبلکن حریف سے مباحثے میں بائیڈن کی ناقص کارکردگی کے بعد ان پر صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کا دباؤ تھا۔