ایک نیوز :گلگت بلتستان کی خوبصورت وادیوں میں گشت کرتے ٹورسٹ پولیس اہلکاروں کے پاس اسلحہ نہیں، ابتدائی طبی امداد کا سامان ہے، سیاحوں کو مشکلات پیش آنے پر فوری مدد کو پہنچتے ہیں۔
موسم بہار، دلکش مناظر اور ٹھنڈی ہواؤں سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان کی خوبصورت وادیوں کا رخ کرتی ہے۔
بابو سر ٹاپ پہنچتے ہی سیاحوں کا استقبال گلگت بلتستان کی ٹورسٹ پولیس کرتی ہے، پہاڑی علاقوں میں ڈرائیونگ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سیاحوں کو آگاہ کیا جاتا ہے، گائیڈ کی ضرورت ہو تو بھی یہی اہلکار رہنمائی کرتے ہیں، سیاحوں کو مشکل پیش آئے تو ٹورسٹ پولیس مددگار بن کر فوری پہنچ جاتی ہے۔
گلگت بلتستان میں ٹورسٹ پولیس اہلکاروں کی تعداد 400 ہے، جو سیاحوں کی مدد کیلئے مختلف مقامات پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر گشت کرتے ہیں۔
قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کیلئے ہزاروں لوگ خوبصورت وادیوں کا رخ کرتے ہیں، ٹورسٹ پولیس کو خود مختار بناکر سیاحوں کو مزید سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔