سروسزہسپتال کی بجلی بند،جنریٹرکاڈیزل ختم،آپریشن ملتوی ،ڈاکٹرز نے ویڈیو جاری کردی

سروسزہسپتال کی بجلی بند،جنریٹرکاڈیزل ختم،آپریشن ملتوی 
کیپشن: Services Hospital power off, generator and diesel run out, operation postponed

ایک نیوز :سروسزہسپتال میں بارش کے دوران1گھنٹہ بجلی بند ہونے سے مریضوں کا برا حال،جنریٹرکا ڈیزل بھی ختم،ڈاکٹرز پھٹ پڑے۔آپریشن تھیٹر سے ویڈیو جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں بارش کے بعد بجلی کی بندش سے سروسز ہسپتال کی بجلی بھی معطل رہی۔متبادل جنریٹرکا ڈیزل ختم ہونے سے ایک گھنٹہ تک سروسزہسپتال میں علاج معالجہ معطل رہا ۔ایک گھنٹہ تک مریض بغیر پنکھے،لائٹس کے بے یارومددگار پڑے رہے۔ایم ایس کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیاگیا۔

سروسزہسپتال میں ناک ،کان ،گلہ کے آپریشن تھیٹر سے موجود ڈاکٹرز بھی پھٹ پڑے۔ڈاکٹر عبدالرحمان کاویڈیو میں کہنا تھا کہ سروسز اسپتال میں آپریشن کے دوران جنریٹر چل نہیں سکے۔بے ہوش مریضوں کو آپریشن کے بعد کیسے ہوش میں لانا ہے معلوم نہیں۔بجلی بند ہونے سے آپریشن کرنے میں شدید مشکل کا سامنا ہے۔وی آئی پی بلاک میں جنریٹر چلایا گیا مگر آپریشن تھیٹر میں نہ چلے۔

ڈاکٹرز نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی،نگران وزیر صحت ڈاکٹرجاوید اکرم سے فوری نوٹس لینے اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ شہر میں بارش کے باعث لیسکو کے 70سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی ۔

ایم ایس سروسز اسپتال  ڈاکٹراحتشام الحق کاکہنا تھاکہ سروسز اسپتال میں بجلی کو بحال کردیا گیا۔بارش کے باعث اسپتال میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا۔آپریشن تھیٹر سے جاری ویڈیو کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔