ملک بچانیوالا بیوی کی عزت نہیں بچا سکا، بھارتی صوبیدار کی فریاد

manipur follow up
کیپشن: manipur follow up
سورس: google

ایک نیوز :  بھارت کی ریاست منی پور میں برہنہ خواتین پریڈ  میں سے ایک خاتون کا  متاثرہ شوہر نے فریاد کی ہے کہ اس نے کارگل میں ملک کو بچایا لیکن اپنی بیوی اور گاؤں والوں کی عزت نہیں بچا سکا ۔

 امر اجالا‘ پر شائع ایک رپورٹ  کے مطابق مظلوم خاتون کے شوہر اور سابق فوجی اہلکار نے کہا کہ ’’میں نے کارگل میں ملک کو بچایا، لیکن اپنی بیوی کی عزت نہیں بچا پایا۔‘‘

 بے لباس کی گئی خاتون کے شوہر نے بتایا کہ وہ آسام رجمنٹ کے صوبیدار کی حیثیت  سے بھارتی فوج میں خدمات انجام دے چکا ہے۔  اس نے بتایا کہ  وہ کارگل جنگ میں  حصہ لے چکا ہے جبکہ بھارتی امن فوج کے حصہ کے طور پر سری لنکا بھی گیا۔ 

’میں نے ملک کی حفاظت کی، لیکن میں مایوس ہوں کہ اپنی سبکدوشی کے بعد میں اپنے گھر، اپنی بیوی اور ساتھی گاؤں والوں کی حفاظت نہیں کر سکا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’’بھیڑ نے میری بیوی پر جانوروں کی طرح حملہ کیا۔ جس دن یہ ہوا وہ میرے لیے سب سے تکلیف دہ دن تھا۔ بھیڑ اس کی بیوی کو اپنے ساتھ الگ لے گئی اور زبردستی کپڑے اتارنے پر مجبور کیا گیا۔‘‘

 دوسری طرف منی پور میں خواتین کی برہنہ پریڈ کرانے کے معاملے میں پولیس نے پانچویں ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس مسلسل چھاپے مار رہی ہے
 قبل ازیں، گرفتار کیے گئے چار ملزمان کو جمعہ کے روز 11 روزہ پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ کئی مقامات پر لوگوں نے پرامن مظاہرہ کیا۔ پولیس اور مرکزی سیکورٹی فورسز مختلف مقامات پر تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں کل 126 چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ پولیس نے اب تک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 413 افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔ پولیس نے مقامی لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ساتھ ہی کہا کہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

ھوبل میں فرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ نے کیس کے تفتیشی افسر کی درخواست پر چاروں ملزمان کو 31 جولائی تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ 

ملزمان کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ دریں اثنا، مشتعل ہجوم نے تھوبل کے وانگجنگ علاقے میں مفرور ملزم ایل کبی چندر (20) کے گھر کو آگ لگا دی۔ پولیس نے بتایا کہ جمعرات کی شام کو تھوبل ضلع کے یاریپوک گاؤں میں خواتین کے ایک ہجوم نے کلیدی ملزم ہوریم ہیراداس سنگھ (میتئی) کے گھر کو نذر آتش کر دیا۔

منی پور میں خواتین کی برہنہ پریڈ کی گونج بھارتی  پارلیمنٹ میں بھی سنی گئی ۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس معاملہ پر ہنگامہ ہوا اور مون سون سیشن کے دوران ایوان کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔