ایک نیوز: لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جس کے باعث اکثر علاقوں میں بجلی کا سلسلہ منقطع ہو چکا ہے ،لیسکو کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے،بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہورکےمختلف علاقوں میں موسلادھاربارش جاری ہے۔ جوہر ٹاؤن ، فیصل ٹاؤن ، ٹاون شپ ، گرین ٹاون،واپڈا ٹاون ، ویلنشیاء ٹاون ، نواب ٹاون ، ایل ڈے ایونیو ون میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے،بارش کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں ، سڑکوں گلی محلوں میں پانی کھڑا ہوگیا،کھڑاپانی راوی کا منظر پیش کرنے لگا۔چوک ناخدا۔چوک نیلم سنیما ۔فیض باغ۔وسن پورہ میں پانی جمع،سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہوگئی۔
بارش سے علامہ اقبال روڈ کے دونوں اطراف کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، بارشی پانی دکانوں میں داخل ہوگیا،پانی جمع ہونے سےعلامہ اقبال روڈ 80فیصد ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔شہر یوں کی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں ہیں۔
جناح ہسپتال میں بھی نکاسی آب کی ناقص صورتحال کے باعث آوٹ ڈور سمیت دیگر وارڈز میں پانی بھر گیا ۔لواحقین مریض کو سٹیریچر پر ڈال کے ایمرجنسی لیجاتے رہے،مریض اور لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کھلے گٹر شہریوں کیلئے خطرہ
شہر میں موسلا دھار بارش کے ساتھ کھلے گٹر شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے،شہر کی سڑکیں گلی محلے زیر آب آنے کے باعث کھلے گٹر کا پتا لگانا مشکل ہو گیا،شہریوں کی موٹر سائیکل کھلے گٹر میں گرنے لگی،ملتان چونگی وحدت روڈ پر شہری کی موٹر سائیکل گٹر میں گر گئی،شہری نے بڑی مشکل سے اپنی جان بچائی اور موٹرسائیکل باہر نکالی۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-07-22/news-1690018118-6766.mp4
مسلم ٹاؤن اور وحدت کالونی میں موت کے گڑھے
بارش سے مسلم ٹاؤن کی مین روڈ پر کئی فٹ گہرے گڑھے بن گئے ۔گڑھے پڑنے سے سڑک کا متاثرہ حصہ ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔بارش کا پانی گڑھوں میں داخل ہونے سے گڑھے مزید گہرے ہورہے ہیں۔ فوری طور پر گڑھوں کو بھرا نہ گیا تو کسی وقت بھی بڑا حادثہ پیش آسکتاہے ۔
لاہور میں حالیہ بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے بارشوں کے باعث لاہور کے پوش ایرا میں بھی بارش کے پانی نے شہریوں کی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا۔مسلم ٹاؤن کی گلیوں میں نکاسی آب نہ ہونے کے باعث 3.سے 4 فٹ تک پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہو گیا۔
مقامی افراد کا کہ کہنا ہے کہ پانی گھروں میں داخل ہونے کے باعث قیمتی سامان پانی میں ڈوب پر ضائع ہو گیا جبکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے آج تک اس پانی کی نکاسی کا بندوست نہیں کیا گیا۔علاقے میں نکاسی آب کا بندوست نہ ہونے کے باعث ہر سال پانی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے جس کہ باعث نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے شہریوں نے وزیراعلی پنجاب سے اپیل کی کہ نکاسی آب کا بندوست کر کے مزید نقصان سے بچنے کا سد باب کیا جائے۔
ایل او ایس نالے کا پانی کالونی میں داخل
لاہور میں ہونیوالی بارش کے باعث ایل او ایس نالے کا پانی ایک بار پھر پی اینڈ ٹی کالونی میں داخل ہونا شروع ہو گیا،ایل او ایس نالہ اوور فلو ہونے کے بعد پانی کالونی میں داخل ہوا،پی اینڈ ٹی کالونی کی گلیاں زیر آب آ گئی،بارش مزید زیادہ ہونے سے پانی گھروں میں داخل ہونے کا خدشہ ہے،اس سے قبل ہونیوالی بارش سے بھی کالونی زیر آب آگئی تھی،اس سے قبل بارش سے 500 سے زائد گھر زیر آب آگئے تھے،اس کے باوجود نالے پر حفاظتی اقدامات نہ کیے جا سکے۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر
شہر میں بارش، ضلعی انتظامیہ متحرک، افسران نےشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نےمال روڈ، الحمرا اطراف، گورنر ہاؤس، ایوان اقبال میں صورت حال کا جائزہ لیا،ڈی سی لاہور نےلکشمی چوک ایمرجنسی کیمپ، قرطبہ چوک ایمرجنسی کیمپ کا بھی دورہ کیا اور ایمرجنسی کیمپس پر موجود مشینری اور عملہ کی موجودگی کا بھی جائزہ لیا۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ بارش تھمتے ہی نکاسی آب آپریشن شروع کر دیا جائے گا،نشیبی علاقوں کی نشاندہی مکمل، ایمرجنسی پوائنٹس پر مشینری، عملہ موجود ہے،تاج پورہ، قرطبہ، حاجی کیمپ، لکشمی، اللہ ہو چوک، جی پی او، ایمپریس روڈ پر پانی موجود ہے۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-07-22/news-1690010043-8426.mp4
ایم ڈی واسا غفران احمد متحرک
ایم ڈی واسا غفران احمد فیلڈ میں متحرک ہوگئے،ایم ڈی واسا غفران احمد نے شہر بھر کے مختلف انڈر پاسز کا دورہ کیا اور تمام انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں کو کلیئر رکھنے کی ہدایات کر دیں۔
ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فل کپیسٹی پر چلایا جارہا ہے۔بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز جنریٹرز پر چلائے جا رہے ہیں۔
ایم ڈی واسا نے نکاسی آب آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں،نشیبی علاقوں سے بروقت نکاسی آب آپریشن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-07-22/news-1690009395-3859.mp4
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ واسا،ایل ڈی اے،سی بی ڈی کی خصوصی ٹیمیں اپنے اپنے ایریاز میں فورا متحرک ہوں۔انڈرپاسز میں نکاس آب کیلئے مشینری فعال رکھیں۔نشیبی علاقوں اور سورنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی ٹیمیں فورا ردعمل دیں۔تمام ڈسپوزل سٹیشنز پوری گنجائش سے فعال رکھیں جائیں۔اے سیز فیلڈ میں پہنچیں۔اپنے علاقے سے نکاس آب کے ذمہ دار ہیں۔
ایکسیئن علی حسین نے ایم ڈی واسا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھا جائے۔موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
جہلم/اندرون شہر ڈوب گیا
موسلادھار بارش سےجہلم کا اندرون شہر ڈوب گیا،پانی دلہن بازار،کناری بازار اور لوگوں کےگھروں دوکانوں میں داخل ہوگیا۔سب سے زیادہ بارش آج ریکارڈ ہوئی،موٹر سائیکلیں بازاروں میں ڈوب گئی،شہر خود پانی میں ڈوبنے لگے،نیا بازار پانی میں ڈوب گیا تاجر دوکانیں بند کرکے جان بچا کر بھاگ گئے،مدنی محلہ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا انتظامیہ اپنے اس امتحان میں مکمل فیل ہوگئی،ڈیول کیرج وے بھی پانی کی نظر ہوگئی،پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا ۔
جہلم اندرون شہر کا نظام زندگی مفلوج ہوگیا،شہری پانی میں پھنس گئے،بارش کا سلسلہ مسلسل تیزی کے ساتھ جاری،بارش نے جل تھل ایک کر دیا،ہر طرف پانی کے انبار لگ گئے،سیوریج کا نظام ناقص ہونے سے کئی مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔
پی ڈی ایم اے الرٹ
پنجاب کےمختلف علاقوں میں بارش ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا،ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
ڈی جی عمران قریشی نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔شہری غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور گاڑی آہستہ چلائیں۔شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے الرٹ
ملک بھر میں دریاؤں کے بہاؤ کی صورتحال معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ دریائے سندھ کےبالائی کیچمنٹ علاقوں میں گزشتہ دنوں کی بارش کیوجہ سے پانی کا بہاؤ قدرے زیادہ ہے۔مجموعی طور پر مشرقی دریاؤں میں پانی کا بہاؤ مستقل ہے.
موسلادھار بارش،لیسکو فیلڈ اسٹاف کوہائی الرٹ
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے،صارفین سے درخواست ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔صارفین سے التماس ہے کہ بجلی کی ہائی ولٹیج تاروں،ٹرانسفارمر کے نیچے غیر قانونی تعمیرات،سٹال یا ٹھیلہ لگانے سے گریز کریں۔اپنے بچوں کو خصوصی تاکید کریں کہ وہ گلی محلوں میں کھیلتے ہوئے بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں.بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں سے کم ازکم10فٹ دور رہیں۔بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کرکے عملے کے آنے کا انتظار کریں۔
لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران لائن پر کام کرنے والے فیلڈ ملازمین سیفٹی سے متعلق تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں ، لائن اسٹاف حفاظتی آلات کے بغیر ہرگز کام نہ کرئے،صارفین کی شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ اپنی قیمتی جان کی بھی حفاظت کریں اور قطعا جلد بازی نہ کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ آفس سے فوری رابطہ کریں یا 118 پر اطلاع دیں۔
دوموریہ پل میں 17 سالہ لڑکا ڈوب گیا
دوموریہ پل کے نیچے کھڑے پانی میں 17 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہوگیا،ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے متلعقہ اسٹنٹ کمشنر کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے سوگوار خاندان سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،ڈی سی لاہور نے شہریوں سے احتیاط کی اپیل اور بچوں کو پانی سے دور رکھنے کی درخواست کردی۔ڈی سی لاہور نے شہر بھر میں بارشی پانی اور دریا میں نہانے پر پابندی کر دی۔عوام کی جان کے تحفظ کے پیش نظر شہر بھر میں بارشی پانی یا دریا میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-07-22/news-1690018617-6708.mp4
رائیونڈ بارش سے گھرکی چھت گرگئی
رائے ونڈ میں بارش سے گھر کی چھت گرنے سے نوجوان شبیر کے زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان ریسکیو پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں مسلسل بارش کے پیش نظر ریسکیو الرٹ جاری کردیا گیا ہے،چاہ میراں، شادباغ سے چھت گرنے کی کال موصول ہوئی ہے،واقعہ میں کوئی زخمی یا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، شہری الیکٹرک پول، ہورڈنگ بورڈ اور بوسیدہ مکانات سے دور رہیں،شہری غیر ضروری سفر اور نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں،ایمرجنسی کیصورت میں فوری 1122 ڈائل کریں۔
وزیرآباد :2سگے بھائی راجباہ میں ڈوب کر جاں بحق
وزیرآباد کے علاقہ بھوماں باٹھ میں 2سگے بھائی راجباہ میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔7سالہ فیضان سلطان اور 5 سالہ علی رضا گھر سے کھیلنے کے لیے نکلے اور لاپتہ ہو گئے۔دونوں بھائیوں کی نعشیں رات کے پچھلے پہر گاؤں کے قریب سے گزرنے والے راجباہ سے برآمد ہو گئیں۔دونوں بھائیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔تدفین کے وقت رقت آمیز مناظر علاقہ بھر کی فضا سوگوار رہی۔اہلخانہ غم سے نڈھال،ننھے بچوں کی ناگہانی وفات پر والدین پر غشی کے دورے ۔
قصورمیں 13سالہ حسنین ڈوبنے سےجاں بحق
قصور میں 13سالہ حسنین بارش میں نہانےنکلا،گڑھےمیں ڈوب گیا۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-07-22/news-1690016778-7545.mp4
بابوصابومیں 10سالہ بچہ ڈوبنےسے جاں بحق
بابو صابو کے علاقہ میں 10سالہ بچہ بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا،ریسکیو کی امدادی ٹیموں نے نا معلوم بچے کی لاش کو ہسپتال منتقل کردیا.پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں.
کھاریاں میں بچہ سیم نالے میں ڈوب گیا
کھاریاں میں 8 سالہ بچہ سیم نالہ میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔بچے کی شناخت حسن علی کے نام سے ہوئی جو نواحی علاقے ڈنگہ کا رہائشی تھا۔مچھلیاں پکڑنے کیلئے جانیوالے افراد نے لاش سیم نالہ میں دیکھی اور اطلاع دی۔تلاش کرنے پر لاش سیم نالہ سے ملی پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔
میکلوڈگنج میں چھت گرنےسے2افرادزخمی
میکلوڈگنج میں مسلسل بارش کی وجہ سے بھنی بلوچاں والی میں غریب شخص کے گھر کی چھت گر نے سے 2افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو 1122نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو میکلوڈگنج شفٹ کردیا۔میکلوڈگنج اور آس پاس کے علاقوں میں مسلسل وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہیں۔
منڈی بہاؤالدین:گھر کی چھت گر نےسےخاتون جاں بحق
ریسکیو کا کہنا ہے کہ دھول رانجھا میں بارش کی وجہ سے گھر کی چھت گر گئی،2 خواتین ملبے تلے دب گئیں۔ ایک خاتون جاں بحق، ایک شدید زخمی۔ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمی خاتون کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا،منڈی بہاؤالدین صبح سے شہر اور اس کی گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب ہے۔
ٹرینیں تاخیر کاشکار
موسلادھار بارش نے ٹرینوں کا شیڈول درہم برہم کر دیا،کراچی سے ٹرینیں لیٹ آکر لاہور اور فیصل آباد سے کراچی کیلئے لیٹ روانہ ہوں گی۔لاہور اور فیصل آباد سے کراچی جانے والی ٹرینوں کا آج کا شیڈول ہے۔قراقرم 42-ڈاون لاہور سے کراچی کیلئے سہ پہر 3 بجے کی بجائے شام 6 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی۔بزنس ایکسپریس 34-ڈاون لاہور سے کراچی کیلئے سہ پہر 4 بجے کی بجائے شام 6 بجکر 20 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی۔کراچی ایکسپریس 16-ڈاون لاہور سے کراچی کیلئے شام 5 بجے کی بجائے شام 5 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی۔ملت ایکسپریس 18-ڈاون فیصل آباد سے کراچی کیلئے سہ پہر 4 بجے کی بجائے شام 5 بجکر 30 منٹ پر فیصل آباد سے روانہ ہوگی۔
راوی جانے پرپابندی
لاہور کے باسی دریائے راوی کے کناروں سے دور رہیں،دریائے راوی میں پانی کی بڑھتی سطح، مسلسل بارشیں، ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا۔ضلعی انتظامیہ نے راوی کنارے ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدرکا کہنا ہے کہ شہری دریا پر نہانے، کشتی رانی یا کسی بھی مقصد کے لیے مت جائیں۔کسی بھی قسم کی تفریحی یا کاروباری سرگرمی کے لیے دریا کے قریب جانے کی مکمل ممانعت ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ بچوں پر بھی کڑی نظر رکھیں، نہانے یا کھیلنے مت جانے دیں۔ دریا کنارے بسنے والے اپنے خاندان اور جانوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کریں۔ پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے،عوام سے تعاون کی اپیل ہے۔ مشکل کی گھڑی میں عوام کے تعاون سے ہی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نبٹنے کے لیے تیار ہے۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-07-22/news-1690018856-1675.mp4
کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع
شہر قائد کے علاقے صدر، کلفٹن، ڈیفنس اور ملیر ،آئی آئی چندریگر روڈ پر ہلکی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا۔
تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش،آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے باعث تھرباسی خوفزدہ ہو گئے۔
سبی شہرو گردونوح میں موسلادار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مزید دو سے چار روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
دادو کے کھیر تھر کے پہاڑی سلسلے اور کاچھو میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔پانی کا ریلا روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے منچھر جھیل میں داخل ہوگا۔