ایک نیوز: خواجہ آصف کے بیان پر ترجمان پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ وقاص اکرم نے اپنےبیان میں کہا ہے مینڈیٹ چور سرکار جمہوریت اور دستور کے خلاف مجرمانہ اقدام کی بنیادوں پر کھڑی ہے، یہ گروہ جب بھی اقتدار میں پہنچا عوام کے ووٹ کی توہین اور مینڈیٹ کی چوری سے اقتدار میں پہنچا، پاکستان میں جب بھی عوام کے حقِ حکمرانی ہر ڈاکہ ڈالا گیا، مجرموں کے اس ٹولے نے مرکزی کردار ادا کیا، اصغر خان کیس میں نواز شریف کی جیبوں میں سے آئی ایس آئی کا پیسہ سپریم کورٹ نے پکڑا، اخلاقی ساکھ اور ووٹ پر کھلے ڈاکے کے نتیجے میں ملنے والے اقتدار کو بچانے کیلئے ان مجرموں کو ملک داؤ پر بھی لگانا پڑا تو دریغ نہیں کریں گے،عمران خان پر قوم کا غیرمتزلزل اعتماد ان کٹھ پتلیوں کی سیاسی موت کا پروانہ ہے، بزدل کبھی اپنی ذات سے بالاتر ہوکر فیصلہ کرنے کی جسارت نہیں کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا مذاکرات کے نام پر کٹھ پتلیوں کے ڈھونگ نے انہیں قوم اور تاریخ کی نگاہوں میں مزید بےنقاب کیا اور ان کے رگ و ریشے میں پائے جانے والے خوف کو آویزاں کیا ہے، دائیں بائیں گردنیں گھما کر اور بیرونی قوتوں کا نام لیکر یہ مجرم اپنے ان گناہوں کے وبال سے نکلنا چاہتے ہیں جو انہوں نے گزشتہ تین برس سے آئین، جمہوریت اور عوام کے خلاف کئے، جانتے ہیں کہ عمران خان کے اطراف سے جھوٹے مقدموں کی فصیلیں بکھر گئیں تو ان کا اقتدار تنکوں کی طرح عوامی سیلاب میں بہہ جائے گا، جس دن آئین اور جمہوریت بحال ہوں گے، سیالکوٹ کا یہ جعلی فارم سینتالیس سے بنا وزیر ملک سے بھاگے گا اور کسی کفیل سے اقامے کی بھیک مانگے گا، اس کا احتساب پہلے سیالکوٹ کے عوام اور پھر پوری قوم کرے گی اور تاریخ کو بھی یہ اپنی سیاہ کاریوں کا جواب دے گا۔