شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،مرتضیٰ سولنگی

Jan 22, 2024 | 19:46 PM

ایک نیوز :نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کاکہنا ہے کہ  ملک میں آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی کا ترک نشریاتی ادارے ”ٹی آر ٹی“ کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ  ہماری خارجہ پالیسی نے پاکستان اور ایران کے درمیان صورتحال کو معمول پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے ترکیہ کی طرف سے خیرسگالی کے پیغام کا خیرمقدم کیا ہے۔ ہم ترکیہ کی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ پاکستان اور ایران کے درمیان صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے ترکیہ، عوامی جمہوریہ چین سمیت دیگر برادر ممالک کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں۔ پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ سدا بہار تعلقات ہیں۔ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری بہتر طریقے سے انجام دے رہا ہے۔ نگران حکومت آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت قائم ہوئی، ہم اپنا کام بہتر طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی کاکہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مالی، انتظامی اور سیکورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ کچھ سیاسی جماعتوں کی شکایات ہیں، یہ ہمارے سیاسی کلچر کا حصہ ہیں۔ ملک میں سیاست کی مکمل آزادی ہے، اس پر پابندی نہیں۔ نگران حکومت اور اس کے ارکان الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے اور نہ ہی اس دوڑ میں ہمارا کوئی گھوڑا ہے۔ ہم پوری کوشش کریں گے کہ تمام جماعتوں کو یکساں مواقع میسر ہوں۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام جاری ہے ۔ الیکشن تک بہت سارا کام باقی ہے، ہم اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں گے۔8 فروری  کو آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے۔

مزیدخبریں