ایک نیوز: ضلع باجوڑ کے مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلباء اور طالبات نے باجوڑ گیریژن کا دورہ کیا ہے۔ دورہ کے دوران طلباء اور طالبات کو فرنٹیئر کور نارتھ کی ذمہ داری کے علاقوں، امن، ترقی اور تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
طلباء اور طالبات کو فرنٹیئر کور کے زیراستعمال مختلف ہتھیاروں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ بعدازاں، اساتذہ، طلباء اور طالبات نے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں طلباء اور طالبات کو پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے "علم تولو دا پارا" مہم کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
طلباء اور طالبات کو بتایا گیا کہ پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی جانب سے خیبرپختونخواہ کے قبائلی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ان اقدامات کا مقصد تعلیم کا حصول سب کے لئے ممکن بنانا ہے تاکہ کوئی بچہ اور بچی تعلیم سے محروم نا رہ سکے۔ طلباء اور طالبات نے تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات پر پاک فوج اور فرنٹیئر کور کو سراہا۔