ایک نیوز: پاکستان میں عام انتخابات کب ہوں گے ؟ حکومت نے واضح کردیا۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہےکہ ملک میں نئی مردم شماری ہو رہی ہے جس کے 30 اپریل تک نتائج آئیں گے، آئندہ انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے۔
نارووال اسپورٹس کمپلیکس میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان مشترکہ مفادات کونسل میں خود فیصلہ کرگئے، آئندہ انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے، آئینی اور انتظامی طور پر انتخابات اکتوبر میں ہونا ہیں تاہم فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت نے پاکستان کی معیشت اور سی پیک کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، موجودہ حکومت معیشت کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سال2018 میں نارووال اسپورٹس کمپلیکس کا 90 فیصدکام مکمل تھا، باقی کام کے لیے 70کروڑ روپے درکار تھے لیکن 4 سال فنڈ روکےگئے، اب تکمیل کے لیے 2 ارب 40 کروڑ روپے درکار ہیں، نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی اضافی لاگت عمران نیازی سے لیں گے۔