جوبائیڈن کے گھر سے مزید خفیہ دستاویزات برآمد

Jan 22, 2023 | 14:55 PM

ایک نیوز: امریکی صدر جو بائیڈن کی ڈیلاویئر کی رہائش گاہ سے مزید 6 خفیہ دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جوبائیڈن کے وکیل نے بتایا کہ صدر کے گھرپر محکمہ انصاف کے عہدے داروں نے 12 گھنٹے تلاشی لی جس کے بعد مزید دستاویزات ملیں۔

بائیڈن کے وکیل کے مطابق تلاشی کے دوران ملنے والی 6 اشیا کی درجہ بندی بطور حساس مواد کی گئی جسے محکمہ انصاف کے حکام نے قبضے میں لے لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضبط کیے  جانے والے کچھ نئےکاغذات بائیڈن کی سینیٹر شپ اورکچھ نائب صدر کے دور کے ہیں۔

دوسری جانب خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن نے اس صورت حال کو ایک ’معصومانہ غلطی‘ قرار دیا ہے۔ جو بائیڈن نے اس پر کہا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا۔

واضح رہے کہ پہلے بھی امریکی صدر کےگھراوردفتر سےحساس دستاویزات برآمد کی گئی تھیں جس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات جاری ہیں۔

امریکا کے صدر جوبائیڈن نے اس حوالے سے کہا تھا کہ ان کے نجی دفتر سے کچھ حساس دستاویزات برآمد ہوئی ہیں جبکہ اہم دستاویزات کے حوالے سے مبینہ غیرذمہ داری پر کانگریس سے تفتیش کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جوبائیڈن کے پریشانی کا باعث بننے والا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب حکام سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جڑے ایک بڑے اسکینڈل کی تفتیش کر رہے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جوبائیڈن کی ولمنگٹن ڈیلاویئر میں واقع رہائش گاہ سے اوباما اور بائیڈن کے سابق انتظامیہ کے دور کی دستاویزات برآمد ہوئیں، اس سے قبل اسی طرح کی دستاویزات واشنگٹن کے تھنک ٹینک میں پائی گئی تھیں جس کو بائیڈن دفتر کے طور پر استعمال کیا کرتے تھے۔

مزیدخبریں